نتیجہ فکر: جناب عباس ثاقب صاحب زید عزہ
25 شوال صادقِ آلِ محمدؐ ، رئیسِ مکتب حقہ جعفریہ، حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یومِ شہادت پر اظہارِ تسلیت کے ساتھ:
نہیں ہے خوبرو کوئی مثالِ جعفرِ صادقؑ
جبینِ علم پر دیکھا جمالِ جعفرِ صادقؑ
ابھی اَذہان سے شبہات کی یہ گرد اُترنے دو
ابھی نکھریں گے اور بھی خد و خالِ جعفرِ صادقؑ
جو اپنے آپ کو سمجھے امامِ اعظمِ اُمّت
تو رکھ دو اس کے آگے اِک سوال ِ جعفرِ صادقؑ
دلِ بے نُور میں اِک روشنی سی پھیل جاتی ہے
ہمیں جس وقت آتا ہے خیالِ جعفرِ صادقؑ
نہ ہم تفویض کے قائل نہ کوئی جبر سے رشتہ
کہ ہم ہیں حاملانِ اعتدالِ جعفرِ صادقؑ
زمانہ آ رہا ہے مکتبِ جعفرؑ کے سائے میں
تناور ہو رہا ہے یہ نہالِ جعفرِ صادقؑ
ابھی کچھ اور بھی گِرہیں کھلیں گی علم کی، ثاقبؔ!
ابھی پردے میں پنہاں ہے کمال ِ جعفرِ صادقؑ
عباس ثاقبؔ